ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) سمندری طوفان تاؤتے بھارت میں تباہی پھیلا کر جا چکا ہے، لیکن اس کے اثرات نے کورونا سے پریشان بھارتی فلم انڈسٹری کو مزید مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔
ایک طرف تو سلو بھائی پہلے ہی اپنی عید پر ریلیز ہونے والی فلم رادھے کے بزنس کو لے کر پریشان تھے اوپر سے رہی سہی کسر تاؤتے نے پوری کردی، جس کی وجہ سے ہونے والی بارشوں نے نئی آنے والی فلم ’ٹائیگر تھری‘ کے سیٹ کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان تاؤتے کی وجہ سے ہونے والی شدید بارشوں نے میرول کےعلاقے میں واقع فلم ٹائیگر تھری اور دوسری فلموں کے سیٹس کو بہت زیادہ نقصان پہنچایاہے۔ تاہم شوٹنگ بند ہونے کی وجہ سے یہ سیٹ زیر استعمال نہیں تھے جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ حالیہ سمندری طوفان کی وجہ سے بالی وڈ کی متعدد شخصیات کے گھر، دفاتر، اسٹوڈیو اور فلموں کے سیٹ متاثر ہوئے ہیں، امیتابھ بچپن کے ممبئی میں واقع دفتراور گھر میں پانی بھر گیا تھا، جب کہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کا باندرہ میں زیر تعمیر گھر بھی شدید متاثر ہوا۔
فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینے ایمپلائیز ( ایف ڈبلیو آئی سی ای) کے صدر بی این تیواری نےمیڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سمندری طوفان کی وجہ سے فلم سٹی بہت زیادہ متاثر ہوئی ہے اور متعدد فلموں کے سیٹ بارشوں کے نتیجے میں تباہ ہوگئے ہیں، تاہم کورونا کی وجہ سے شوٹنگ بند ہونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ جب کہ سنجے لیلا بھنسالی نے متوقع بارشوں کے پیش نظر اپنے سیٹ کو مکمل طور پر ڈھک دیا تھا جس کی وجہ سے اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
واضح رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلمز میں فلم بین عمران ہاشمی، سلمان خان اور کترینا کیف کو ایک ساتھ دیکھ سکیں گے، تاہم کورونا کی وجہ سے رواں سال فروری میں اس فلم کی عکس بندی روک دی گئی تھی۔