سندھ میں کورونا کی موجودہ بندشیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

Lockdwon

Lockdwon

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے موجودہ بندشوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا وائرس کے صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، آئی جی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر کراچی، اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ عید الفطر 13 مئی کو ہوئی اس دن صوبے میں 1232 کیسز تھے اور عید کے بعد 19 مئی کو 2076 کیسز آئے جو 10.2 فیصد ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سندھ میں کیسز بڑھ رہے ہیں، گزشتہ روز کراچی میں 16.82 فیصد کیسز آئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اجلاس میں ٹاسک فورس کے ممبران اور ماہرین نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں کووڈ کی موجودہ بندشیں جاری رکھنے کا مشورہ دیا اس پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر کیسز کی شرح کم ہوئی تو نرمی کریں گے اور اگر کیسز بڑھ گئے تو مزید سختی کریں گے لیکن ہمیں صوبے میں نرمی کرنا مشکل ہوتا ہوا لگ رہا ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ٹاسک فورس کے ممبران کو ہدایت کی کہ صورتحال کا جائزہ لے کر مزید اقدامات کے لیے اپنی تجاویز دیں جب کہ صوبے میں کورونا کی بندشیں بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

سندھ حکومت کے 17 مئی کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں ریسٹورینٹس، ہوٹلز اور فوڈ اسٹریٹس میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ بند ہے جب کہ بیکریاں اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رکھی جا سکتی ہیں۔

اس کے علاوہ این سی او سی کی ہدایات کی روشنی میں کاروبار کے اوقات صبح 6 سے رات 8 بجے تک ہیں جب کہ ہفتے اور اتوار کو کاروبار مکمل بند رہے گا تاہم ضروری سروسز کو ان اوقات سے استثنیٰ حاصل ہے۔

صوبائی حکومت نے ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ میں گنجائش سے 50 فیصد کم مسافر بٹھانے کے ایس او پیز بھی جاری کررکھے ہیں۔

صوبے بھر میں شادی ہالز، بزنسز سینٹرز، ایکسپو ہالز، جِم بند رہیں گے اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہے جب کہ سنیما، تھیٹرز، پارکس اور مزارات کو بھی بند رکھا گیا ہے۔