ایران: آبادان میں واقع سب سے بڑی آئیل ریفائنری میں دھماکا، تین افراد زخمی

Iran Oil Refinery

Iran Oil Refinery

خوزستان (اصل میڈیا ڈیسک) ایران کے صوبہ خوزستان میں واقع شہر آبادان میں تیل صاف کرنے کے قدیمی کارخانے میں شدید گرمی کے نتیجے میں دھماکا ہوا ہے جس سے تین افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

العربیہ کے نمایندے کے مطابق یہ آئیل ریفائنری اہواز شہر کے جنوب میں واقع آبادان شہر میں ہے اور یہ ملک کی سب سے بڑی ، قدیم اور اہم ریفائنری ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ریفائنری کے احاطے میں آتش گیر مواد موجودہونے کے سبب درجہ حرارت بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے میں فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔اس کے بعد ریفائنری کے تیسرے یونٹ میں دھماکا ہوا ہے اور آگ لگ گئی ہے۔

العربیہ نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ آبادان شہر میں دھماکے کے بعد دھواں اور فضائی آلودگی پھیل گئی ہے۔

آبادان ریفائنری میں حالیہ برسوں کے دوران میں تحفظ کے معیارات کی پاسداری نہ ہونے کے سبب اس طرح کے دھماکوں اور آتش زدگی کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔

آبادان ریفائنری میں روزانہ چارلاکھ بھاری خام تیل صاف کیا جاتا ہے اور اس کو پٹرولیم مصنوعات میں تبدیل کیا جاتا ہے۔1980ء تک یہ دنیا میں تیل صاف کرنے کا سب سے بڑا کارخانہ تھا۔