بھارت (اصل میڈیا ڈیسک) دنیا میں کورونا کی بھارتی قسم کے پھیلاؤ پر شدید تنقید کے بعد مودی سرکار نے بھونڈا قدم اٹھالیا۔
بھارت میں کورونا کی نئی قسم کی ہلاکت خیزی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید چار ہزار سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
کورونا کی بھارتی قسم برطانیہ سمیت 44 ممالک تک پھیل چکی ہے تاہم مودی حکومت نے پھیلاؤ روکنے کے بجائے نیا طریقہ تلاش کرلیا ہے۔
بھارتی حکومت نے تمام سوشل میڈيا پلیٹ فارمز کو ہدایات جاری کردیں کہ ایسا تمام مواد ہٹالیا جائے جو بھارتی قسم کے کورونا سے متعلق ہو۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خط لکھ کر مواد ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
دوسری جانب جرمنی نے برطانوی شہریوں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگادی ہے۔جرمنی نے گزشتہ ہفتے برطانیہ میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم سامنے آنے کے بعد برطانیہ کو خطرے والے ممالک کی فہرست میں شامل کیا تھا تاہم ایک ہفتے کے دوران کورونا کیسز میں 160 فیصد اضافے کے بعد سفری پابندیاں عائد کی گئیں۔