کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑکر شوکت عزیز اور پرویز مشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو معاشی مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کا برا حال کردیا، وہ ملک کو معاشی تباہی کی جانب لے جارہے ہیں، اگر عمران کونہ روکا گیا تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی ایسی آگ لگا دیں گے جسے دہائیوں میں بجھایا نہ جا سکے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کی کابینہ سخت شرائط پر قرضے وصول کر کے کرپشن میں ملکی خزانے کا پیسہ اڑا رہی ہے، عمران خان معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر شوکت عزیز اور مشرف کی طرح ملک سےباہرچلے جائیں گے، انہیں اپنے معاشی جرائم پرایک عام آدمی سے معافی مانگنا ہو گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جرم صرف مہنگائی کرنا نہیں بلکہ مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرنا بھی ہے، دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں، پاکستان کے عوام ان کے معاشی جرائم پر کبھی معاف نہیں کریں گے۔