ابوظبی (اصل میڈیا ڈیسک) امارت ابوظبی نے اپنی سفری گرین لسٹ (سبزفہرست) پر نظرثانی کی ہے اور اس میں امریکا اور جرمنی سمیت مزید چھے ممالک کو شامل کر لیا ہے۔
ابوظبی کی اس فہرست میں شامل ممالک کی تعداد اب انتیس ہوگئی ہے۔ان ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافر متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں پہنچنے کے بعد لازمی قرنطین سے مستثنیٰ ہوں گے۔انھیں ابوظبی کے ہوائی اڈے پر صرف پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا۔
ابوظبی کی اس سبز فہرست میں اس وقت درج ذیل ممالک شامل ہیں: آسٹریلیا، آذربائیجان ، بھوٹان ، برونائی دارالسلام، چین، کیوبا، جرمنی ،گرین لینڈ، ہانگ کانگ ، آئس لینڈ، اسرائیل ، جاپان ، کرغیزستان ، موریشس ، مالدووا ، مراکش ، نیوزی لینڈ ، پُرتگال، روس ، سعودی عرب ، سنگاپور ، جنوبی کوریا، اسپین ، سوئٹزرلینڈ ، تائیوان ، تاجکستان ، برطانیہ ، امریکا اور ازبکستان۔
اس فہرست میں پہلے سے شامل ممالک میں سے کسی کا نام حذف نہیں کیا گیا ہے بلکہ جرمنی ، آذربائیجان ، کرغیزستان، اسپین ، مالدووا اور امریکا کو شامل کیا گیا ہے۔
دنیا کے جن ممالک کے نام اس فہرست میں شامل نہیں ہیں،ان سے تعلق رکھنے والے افراد کو ابوظبی پہنچنے کے بعد 10 روز تک قرنطین میں رہنا ہوگا اور ابوظبی کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل پرواز پر سوار ہوتے وقت پی سی آر کا منفی ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا۔