کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی نے مارچ کا انعقاد کیا۔
شاہراہ فیصل پر جماعت اسلامی کے فلسطین مارچ میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ مارچ میں خواتین اور بچے بھی شریک تھے۔
مارچ سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں یہودی فوجیوں نے ہمارے بھائیوں پر تشدد کیا، 300 لوگ شہید ہوگئے اورہزاروں زخمی ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ادارے صرف قرارداد پیش کرتے ہیں، قرارداد سے فلسطین آزاد نہیں ہوگا، مذمتی بیانات اور قراردادیں ناقابل قبول ہیں ، شاہ محمود قریشی سے درخواست کی ہے کہ او آئی سی کا اجلاس بلایا جائے۔
ریلی سے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے اہلیان کراچی اور جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستان حکومتی سطح پر مسئلہ فلسطین کے مؤقف کو آگے بڑھاتا رہے گا۔