سندھ: عوام کے 8 بجے کے بعد غیر ضروری باہر نکلنے پر پابندی عائد

Police

Police

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت نے کورونا کی پابندیوں میں مزید سختی کرتے ہوئے رات 8 بجے کے بعد عوام کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کر دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کراچی سمیت صوبے بھر میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق آج سے صوبے بھر میں کاروبار کے اوقات صبح 5 بجے سے شام 6 بجے تک ہوں گے، ڈپارٹمنٹل اور سپر اسٹورز شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم بیکری اور دودھ کی دکانیں رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی جب کہ جمعے اور اتوار کے دن کاروبار مکمل بند رہیں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کل سے رات 8 بجے کےبعد لوگوں کو غیر ضروری گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو گاڑیوں میں گھومنے والے افراد کو روکنے کی بھی ہدایت کی ہے، اگر کسی کو ضروری کام یا اسپتال جانا ہے تو اسے اجازت دی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق پارکس میں مغرب کے بعد لائٹیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز کو پابندیوں پر ہر صورت عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں جتنے بھی کیسز ہیں ان کا 50 فیصد سندھ میں ہیں، کراچی کے ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں ایس او پیز کی زیادہ شکایات مل رہی ہیں، ضلع شرقی میں کیے گئے ٹیسٹ کے 21 فیصد کیسز مثبت ہیں، جنوبی میں 16 فیصد، وسطی میں 10 فیصد کیسز ہیں جب کہ حیدرآباد میں 11 فیصد، دادو 10 فیصد، سکھر میں 8 فیصد کیسز ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں خود سرپرائز دورے کروں گا، اگر اوقات کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی کروں گا، اگر ہم نے دو ہفتے پابندیوں پر مکمل عمل کیا تو آگے آسانی ہو گی۔