اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا کیسز میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.3 فیصد رہی۔
پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 62706 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2726 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 75 ہلاکتیں ہوئیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.3 فیصد رہی۔
ملک میں تقریباً گزشتہ 12 ہفتوں کے دوران یہ کورونا کیسز کی سب سے کم مثبت شرح ہے اور اس سے قبل کورونا کی تیسری لہر کے دوران سب سے کم شرح 6 مارچ کو 4.2 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر 20540 افراد انتقال کرچکے ہیں اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 11 ہزار 302 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 31 ہزار 744 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں اب تک مجموعی طور پر 15 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔