لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ سیاست نہ کی جائے انصاف دیا جائے۔
لاہور کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان نے بیرسٹر علی ظفر کو تفتیش کےلیے مقرر کیا تھا، انہوں نے بہت محنت کرکے تفتیش کو مکمل کرلیا، امید تھی رپورٹ منظر عام پر آجائے گی لیکن آج مئی کا آخری دن بھی آگیا مگر رپورٹ منظر عام پر نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ قیاس آرائیاں ہیں کہ علی ظفر نے زبانی رپورٹ دے دی ہے اور یہ قیاس آرائیاں بھی ہیں کہ رپورٹ میرے لیے مثبت ہے، عمران خان نے انصاف کا وعدہ کیا تھا بہت دن گزر گئے اب انصاف مل جانا چاہیے، ہمارے ساتھ سیاست نہ کی جائے بلکہ انصاف دیا جائے۔
جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ علی ظفر نے جو کہا ہے وہ بات منظر عام پرآنی چاہیے، ہمیں کچھ ایسی باتیں معلوم ہیں جو میڈیا کو نہیں بتا سکتے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نذیر چوہان پر مقدمہ ہوا اس سے بات بگڑی ہے۔