الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) کویت کے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سعودی عرب کے پہلے سرکاری دورے پر الریاض پہنچ گئے ہیں۔ الریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بہ نفس نفیس ان کا پُرتپاک خیرمقدم کیا ہے۔
شیخ مشعل گذشتہ سال کویت کا ولی عہد مقرر ہونے کے بعد سعودی عرب کا پہلا دورہ کررہے ہیں۔ان کی قیادت میں وزیرتیل اور وزیرخارجہ سمیت اعلیٰ سطح کا وفد سعودی عرب پہنچا ہے۔
کویت کا وزارتی وفد سعودی دارالحکومت الریاض میں تیل برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم (اوپیک) اور روس کی قیادت میں غیراوپیک ممالک کے اجلاس میں شرکت کرے گا۔
اوپیک پلس کے نام سے معروف اس گروپ کے اجلاس میں تیل کی یومیہ پیداوار میں کٹوتی کو برقرار رکھنے یا اس میں بتدریج کمی سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ کویت اور سعودی عرب کے درمیان سرحدی علاقے میں دونوں ملکوں کے تیل کے مشترکہ کنویں ہیں۔دونوں ملکوں نے پانچ سال کے وقفے کے بعد گذشتہ سال ان کنووں سے تیل کی پیداوار شروع کی تھی۔