راجن پور: ڈاکوؤں نے مغوی پولیس اہلکاروں کو رہا کردیا

Police

Police

راجن پور (اصل میڈیا ڈیسک) ڈاکوؤں نے 2 مغوی پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان گزشتہ رات معاملات طے ہوئے تھے جس میں مقامی سرداروں نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈاکوؤں کے رشتے داروں کو گرفتار کیا ہوا تھا اور ڈاکوؤں کے رشتے داروں کے بدلے مغوی اہلکار بازیاب کیے گئے۔

دوسری جانب ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی اہلکاروں کے بدلے ڈاکوؤں کے ساتھی چھوڑنے کی خبروں میں صداقت نہیں، اہلکاروں کو آپریشن کے نتیجے میں بازیاب کرایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل لُنڈ گینگ نے پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے 20 لاکھ روپے اور اپنے دو ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا جب کہ ڈاکوؤں نے اس کے جواب میں دو پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا۔

ذرائع کا کہناہے کہ پولیس حکام نے پہلے بات چیت کے ذریعے ڈاکوؤں سے اپنے ساتھیوں کی بازیابی کی کوشش کی تھی جس میں ناکامی پر مقامی سرداروں سے رابطہ کیا گیا۔