امریکا : واٹس ایپ حکام نے ایپلی کیشن پر متعارف کروائے جانے والے 3 نئے فیچرز کی تصدیق کی ہے۔
دنیا بھر میں پیغام رسانی کیلئے استعمال کی جانے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نت نئی تبدیلیاں کرتا رہتا ہے تاہم حال ہی میں آنے والی خبروں کے مطابق نئے فیچرز ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے آسانی پیدا کریں گے۔
واٹس ایپ کے نئے فیچرز کا انکشاف ویب بیٹا انفو اور ایپ کے ہیڈ وِل کیتھ کارٹ کی ہونے والی گفتگو میں ہوا۔
نئے فیچرز میں ڈس اپئیرنگ میسجز، ویو ونس اور ملٹی ڈیوائس شامل ہوں گے۔
ڈس اپئیرنگ میسجز:
گزشتہ برس یہ فیچر واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کروایا جاچکا ہے لیکن اب اس کا اپ ڈیٹڈ ورژن آئے گا جس کے تحت ڈس اپئیرنگ میسجز موڈ کا آپشن موجود ہوگا جسے ان ایبل کرنے کے بعد چیٹ میں موجود تمام پیغامات کچھ دن میں غائب ہوجائیں گے۔
ویو ونس:
اس فیچر میں صارفین کو یہ سہولت مہیا کی جائے گی کہ جس شخص کو پیغام بھیجا جائے گا اس کے پڑھنے کے بعد وہ خود با خود فوری طور پر ڈیلیٹ ہوجائے گا۔ اس آپشن کو ان ایبل کرنے کے بعد آپ کا بھیجا گیا پیغام صرف ایک بار ہی کھل سکے گا البتہ صارف پیغام ڈیلیٹ ہونے سے قبل اسکرین شاٹ لے سکتا ہے۔
ملٹی ڈیوائس:
اس فیچر کی آزمائش کافی عرصے سے جاری ہے اور اب توقع کی جارہی ہے کہ یہ آئندہ 2 ماہ میں متعارف کروا دیا جائے گا۔ اس فیچر سے صارف ایک وقت میں دوسری کئی ڈیوائسز پر واٹس ایپ لاگ ان کرسکے گا۔
اس سے قبل واٹس ایپ ایک سے زیادہ ڈیوائس پر استعمال نہیں کیا جاسکتا تھا۔