کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی درخواست پر پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے المالکی نے چین کی کورونا ویکسین کی منظوری دینے کا یقین دلایا ہے تاکہ پاکستانی حجاج سعودی عرب آ سکیں۔
سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے المالکی کے ساتھ سعودی عرب کے قونصل جنرل بندر الدیال اور شاہ سلمان ریلیف آرگنائزیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔
اجلاس کے آغاز پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سعودی عرب نے عازمین حج کیلئے چین کی کووڈ 19 ویکسین کی منظوری نہیں دی ہے لہٰذا اس سے پاکستانی عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستانی حکومت نے اپنے شہریوں کو چین کی ویکسین لگائی ہے، اب ہمارے لوگ کافی پریشان ہیں کہ انہیں سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں ہوگی کیونکہ ان کے پاس چینی ویکسین کے لگانے کا سرٹیفکیٹ ہے۔
سعودی سفیر نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ چینی ویکسین کی منظوری دی جائے گی اور پاکستان کے لوگوں کو حج کیلئے سعودی عرب میں خوش آمدید کہا جائے گا، اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے مہمانوں کو اجرک اور سندھی ٹوپیاں پیش کیں اور تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔