کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ڈہرکی کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ حادثے میں ثابت ہو جائیگا کہ وہ سوئے ہوئے نہیں تھے۔
سرسید ایکسپریس ٹرین کے ڈرائیور اعجاز احمد نے کہا کہ رات 3 بج کر 40 منٹ کے وقت کراچی آنے والی ٹرین کے ڈبے گرے ہوئے تھے جنہیں دیکھ کر ہنگامی بریک لگانے کی بہت کوشش کی لیکن گاڑی نہیں رکی۔
انہوں نے کہا کہ سرسید ایکسپریس کی دو ائیرکنڈیشنڈ بزنس کلاس بوگیاں اور ایک ڈائیننگ کار متاثر ہوئی جب کہ حادثے میں ملت ایکسپریس کی 3 اے سی بزنس اور 8 اکانومی کلاس بوگیاں ڈاؤن ٹریک پر گریں۔
اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ حادثے کی تحقیقات میں یہ ثابت ہو جائیگا کہ میں اور اسسٹنٹ ڈرائیور سوئے نہیں تھے۔
ڈہرکی ٹرین حادثے میں اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 32 ہو گئی ہے اور متعدد افراد زخمی ہیں۔