اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر ریلوے اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے کے ذمے داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیر ریلوے اعظم سواتی سے رابطہ کرکے گھوٹکی ٹرین حادثے کے بارے میں دریافت کیا جس میں وزیر ریلوے اعظم سواتی نے وزیراعظم کو ابتدائی معلومات فراہم کیں۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر ریلوے ہنگامی طور پر بذریعہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد سے گھوٹکی روانہ ہوئے اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ یہ ایک بڑا حادثہ ہے، مسافروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر افسوس ہے، ریسکیو آپریشن اور زخمیوں کے علاج معالجے کی نگرانی خود کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے کی خود ہنگامی بنیادوں پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے اور حادثے کے ذمے داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیر ریلوے نے حادثے پر تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے 24 گھنٹے میں ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلی۔