اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاق نے فائزر ویکسین کی صوبوں اور وفاقی اکائیوں کو فراہمی شروع کر دی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ فائزر ویکسین صرف کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی اور کمزور قوت مدافعت سے متعلق وضاحت وزارت کی ویب سائٹ پر کی جائے گی۔
وزارت صحت کے حکام کے مطابق پاکستان کو کوویکس کے ذریعے فائزر ویکسین کی ایک لاکھ 6 ہزار خوراکیں ملی ہیں اور پورے ملک میں فائزر ویکسین کی 51 ہزار خوراکیں تقسیم کی جا رہی ہیں جس میں سے پنجاب کو ایم آر این اے ویکسین کی 26 ہزار ، سندھ کو 12 ہزار، کے پی 8 ہزار اور بلوچستان کو ویکسین کی 2 ہزار خوراکیں ملیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ایک ایک ہزار خوراکیں ملیں گی جب کہ فائزر ویکسین پورے ملک کے 15 شہروں میں لگائی جائے گی کیونکہ پاکستان کے 15 شہروں میں ہی الٹرا کولڈ چین ریفریجریٹر موجود ہیں۔