اونٹاریو (اصل میڈیا ڈیسک) کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں قتل کیے جانے والے پاکستانی خاندان کی یاد میں اجتماع ہوا جس میں کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، میئر اونٹاریو اور اپوزیشن لیڈروں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اونٹاریو کے میئر نے کہا کہ پاکستانی فیملی کو کچلنےکا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دنیا کےمختلف ممالک سے لوگ یہاں آباد ہیں اور لندن اونٹاریو جس طرح ہمارا گھرہے، اسی طرح ان کا گھر ہے، لوگ یہاں خود کومحفوظ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے سے پورے ملک کو صدمہ پہنچا، متاثرہ خاندان اور مسلم کمیونٹی کے ساتھ ہیں، اونٹاریو محفوظ شہر ہے اور یہاں پہلی مرتبہ ایسا واقعہ پیش آیا، اس واقعے سے شہر نے اپنی معصومیت کھودی ہے۔
رکن پارلیمنٹ خالد خورشید نے بھی جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ اونٹاریو کے شہریوں کے لیے دکھ کا دن ہے، ہمیں اسلاموفوبیا پر بہت کام کرنا ہے، کینیڈا میں نفرت انگیزی پنپ رہی ہے اور ہمیں اس سےلڑنا ہے، نفرت کے خلاف تمام کمیونیٹیز کو آگے آنا ہوگا، معاشرےسے نفرت کو ختم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔