شام (اصل میڈیا ڈیسک) شام کی سرکاری نیوز ایجنسی ’سانا‘ کے مطابق فضائی دفاع نے لبنان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے شام میں متعدد مقامات پر حملے کی اسرائیلی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
دوسری طرف شام میں سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی طیاروں نے فضائی بمباری کی ہے۔ العربیہ کی نامہ نگار کے مطابق شام میں یہ کارروائی لبنان کی فضائی حدود کو استعمال کرنے کے بعد کی گئی ہے۔
درایں اثنا شام میں انسانی حقوق آبزر ویٹری کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب اسرائیلی طیاروں نے دمشق اوراس کے اطراف میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔ دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈےکے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
انسانی حقوق گروپ کے مطابق شام میں ایک ماہ کے توقف کےبعد فضائی کارروائی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ دمشق کے قریب الضمیر کے مقام پر واقع فضائی دفاع بریگیڈ، حمص کے مغربی علاقوں، حماۃ ، اللاذقیہ اور کئی دوسرے مقامات پر بمباری کے دوران زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حمص میں ہونے والی بمباری میں جانی نقصان پہنچا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسوں کو بمباری کا نشانہ بننے والی عمارت کی طرف جاتے دیکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ الضمیر کے مقام پر اسلحہ کے ایک گودام میں دھماکے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ دمشق بین الاقوامی ہوائی اڈے کے اطراف میں رواں ماہ کے آغاز میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے۔