اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان نے ایک کروڑ کورونا ویکسین لگانے کا ہدف مکمل کرلیا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اس حوالے سے ایک تقریب میں ہوئی جس میں وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا کہ ہم ایک کروڑ ویکسین لگانے میں کامیاب ہوگئے ہیں، تقریباً 70 لاکھ سے زائد افراد کو یہ ویکسین لگائی گئی ہے جب کہ ہمارا ہدف اس سال 7 کروڑ افراد کو ویکسین لگانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی بہت محنت کی ضرورت ہے، لوگ روزانہ کی بنیاد پر رجسٹریشن کرارہے ہیں اور تقریباً ساڑھے 3 لاکھ رجسٹریشن روزانہ آرہی ہیں، روزانہ تقریباً ساڑھے 3 لاکھ افراد کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگائی جارہی ہے اور دوسری ڈوز والے الگ ہیں۔
اسد عمر نے شہریوں سے ویکسین لگوانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جتنی تیزی سے ویکسی نیشن ہوگی اتنی ہی تیزی سے بندشیں کم کرسکتے ہیں، ابھی بھی کچھ ایسے سیکٹرز ہیں جہاں روزگار متاثر ہورہا ہے ہمیں اس کو بھی ختم کرنا ہے اور لوگوں کی صحت کو بھی بچانا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کورونا کی تیسری لہر میں جو اقدامات کیے گئے تھے ان کا اثر نظر آیا، عید کے بعد کیسز میں متواتر کمی دیکھنے میں آرہی ہے لیکن اس کے باوجود آج بھی 3 ہزار سے زائد افراد آکسیجن پر ہیں اس لیے خطرہ ٹلا نہیں ہے، جتنی تیزی سے ویکسین لگتی جائے گی، اتنی ہی خطرے سے حفاظت ملتی جائے گی۔