یو اے ای :60 سال سے بالائی عمر 95 اور 16 سال سے زیادہ 84 فی صد آبادی کو ویکسین لگ چکی

Vaccine

Vaccine

یو اے ای (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں 16 سال سے بالائی عمر 84۰66 فی صد آبادی اور 60 سال سے زیادہ عمر کے 95۰27 افراد کو کرونا وائرس کی ویکسین لگائی جا چکی ہے۔

یواے ای کی نیشنل ایمرجنسی کرائسیس اور ڈیزاسسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سیما) کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں کووِڈ-19 کی ایک کروڑ33 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔اس حساب سے روزانہ ویکسین کی اوسطاً 78733 خوراکیں لگائی جارہی ہیں۔

اگراسی رفتار سے یواے ای میں ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری رہتا ہے تو محکمہ صحت کے حکام کو مزید 10 فی صد آبادی کو ویکسین لگانے کے لیے 25 دن درکار ہوں گے۔

این سیما نے گذشتہ منگل کو یہ اطلاع دی تھی کہ یو اے ای کی 81 فی صد آبادی کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔ان میں شہری اور مقیم دونوں شامل ہیں۔اس سے یہ بھی ظاہرہوتا ہے کہ گذشتہ ایک ہفتے کے دوران میں مزید تین فی صد اہل آبادی کو کووِڈ-19 سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگادی گئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں یواے ای میں 63984 خوراکیں لگائی گئی ہیں۔

یواے ای نے حال ہی میں 12 سے 15 سال کی عمر کے لڑکوں کو فائزر اور بائیواین ٹیک کی ویکسین لگانے کی منظوردی تھی۔اس کے علاوہ جن افراد کو پہلے چینی ساختہ سائنوفارم ویکسین کے دونوں انجیکشن لگائے جاچکے ہیں،انھیں بھی اب فائزر کی ویکسین کا تیسرا انجیکشن تقویتی خوراک کے طور پر لگایا جائے گا۔

این سیما نے اپنے بیان مزید کہا ہے کہ صرف ویکسین لگوانے افرادہی کو تقریبات اور پروگراموں میں شریک ہونے کی اجازت دی جائے گی۔اس کا کہنا ہے کہ ویکسین کروناوائرس سے مکمل طور پر نہیں بچاتی ہے بلکہ اس کی علامتوں اور پیچیدگیوں کو کم کرتی ہے،اس لیے ویکسین لگوانے کے باوجود حفاظتی احتیاطی تدابیرپرعمل درآمد کی بدستور ضرورت ہے۔