کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر سرکاری ملازمین کی معطلی اور تنخواہیں روکے جانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق کورونا ویکسین لگوانے سے انکار پر 6 لیڈی پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا جب کہ معطل لیڈی کانسٹیبل کی تنخواہیں بھی روکنےکا حکم دیا گیا ہے۔
دوسری جانب کورونا ویکسین نہ لگوانے پر ضلع قمبر شہدادکوٹ پولیس کے 671 اہلکاروں کی تنخواہیں روک دی گئیں۔
ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ کے مطابق کورونا سے بچاؤکی ویکسین نہ لگوانے والوں کی تنخواہیں حکومت سندھ کے فیصلے کے تحت روکی گئی ہیں جن اہلکاروں کی تنخواہیں روکی گئیں ان میں 37 انسپکٹر، 33 سب انسپکٹر، 27 اے ایس آئی، 68 ہیڈ کانسٹیبل، 506 کانسٹیبل اور دفتری عملہ شامل ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ویکسین لگوانے پر اہلکاروں کی تنخواہیں جاری کردی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت اور این سی او سی نے سرکاری و نجی ملازمین کےلیے کورونا ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیا ہے جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔