پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے خیبرپختونخوا کو 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کی اجازت دے دی۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخواہ کیلئے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی اجازت دے دی گئی۔ خیبرپختونخوا کو پاسکو ذخائر سے یہ گندم فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں این جی اوز کیلئے بیرونی امداد کی پالیسی کی بھی منظوری دے دی گئی۔ کمیٹی میں پائپ لائن کے ذریعے پٹرول کے آپریشنل نقصان پر رپورٹ پیش کی گئی جس کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے پائپ لائن کے ذریعے 0.5 فیصد آپریشنل نقصان کی منظوری دی۔
کمیٹی نے وفاقی وزارتوں کیلئے تکنیکی گرانٹ، پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کیلئے گرانٹ اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کرلی۔