کینیڈا (اصل میڈیا ڈیسک) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ملک کی اعلیٰ عدالت سپریم کورٹ آف کینیڈا میں پہلے مسلم جج کو نامزد کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اونٹاریو اپیل کورٹ کے جج محمود جمال کو سپریم کورٹ آف کینیڈا میں جج نامزد کردیا ہے۔ محمود جمال کینیڈا کی سپریم کورٹ میں نامزد ہونے والے پہلے مسلم جج بن گئے ہیں۔
سپریم کورٹ آف کینیڈا میں پہلے مسلم جج محمود جمال آئندہ ماہ یکم جولائی کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ محمود جمال کینیا میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والدین نے برصغیر سے کینیا ہجرت کی تھی۔
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جسٹس محمود جمال کی نامزدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوں گے۔