اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی جائیداد نیلامی کے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف تین درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیں۔
خیال رہے کہ احتساب عدالت نے ،توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قرار پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جائیداد ضبطگی اور نیلامی کا فیصلہ کیا تھا۔
آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔
درخواست گزاروں کے وکیل قاضی مصباح الحسن نے کہاکہ نیلامی کا فیصلہ احتساب عدالت نے کیا، جب کہ یہ سول کورٹ کا کیس بنتا ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے کہا آپ عدالتی دائرہ کار کو چھوڑ دیں، عدالتی فیصلے پر دلائل دیں۔
وکیل نے کہا کہ ان کے موکل شیخوپورہ کی زمین خرید چکے تھے، قبضہ نواز شریف کے پاس تھا۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار اراضی کو اپنی پراپرٹی سمجھ رہے ہیں مگر کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا، ان کے پاس پاور آف اٹارنی نہیں، جو معاہدہ ہوا ہے اس پر دستخط بھی نہیں، درخواست گزاروں کا اس پراپرٹی میں کیا انٹرسٹ ہے؟
عدالت نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف تینوں درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیں ۔