پاکستان: تین ماہ بعد کورونا سے ایک روز میں کم ترین اموات

Pakistan Corona Cases

Pakistan Corona Cases

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک میں کورونا سے اموات میں بھی بتدریج کمی آرہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صرف 27 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جو تین ماہ کے دوران ایک روز میں وائرس سے سب سے کم اموات ہیں۔

پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46269 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 991 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 27 ہلاکتیں ہوئیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.14 فیصد سے رہی۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہونے والی اموات 21 مارچ کے بعد ایک روز میں سب سے کم اموات ہیں، 21 مارچ کو پاکستان میں کورونا سے 20 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔

ملک میں کورونا سے اب تک مجموعی طور پر اموات کی تعداد 21940 ہوگئی اور کل کیسز کی تعداد 9 لاکھ 47 ہزار 218 ہوچکی ہے جب کہ اب تک وائرس سے 8 لاکھ 89 ہزار 787 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔