لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے الزام عائد کیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو وزیراعظم کی ہدایت پر روکا گیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت جب سے آئی ہے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے، حکومت صرف نفرت، حسد اور بغض پر قائم ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے نالائقی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے، حکومت ناقابل اعتبار ہے، ان کی کسی بات پر اعتبار نہیں ہے۔
انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے احاطے میں اپوزیشن کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نے انتخابی قوانین کو بلڈوز کیا ہے، الیکشن چرانے کے لیے الیکشن کمیشن کے اختیارات حکومت نے اپنے پاس لے لیے ہیں۔
جنرل سیکرٹری ن لیگ کا کہنا تھا کہ آئین میں ترمیم دو تہائی اکثریت سے کی جاتی ہے لیکن موجودہ حکومت نے الیکشن کمیشن سے بھی مشاورت نہیں کی، حکومت کو شکایت ہے کہ الیکشن کمیشن نے ان کی چوری کیوں پکڑی۔
انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ قرضہ کمیشن رپورٹ کہاں گئی؟ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ موجودہ حکومت نے ماضی کے مقابلے میں زیادہ قرض لیا اس پر وہ رپورٹ چھپا دی گئی، عمران خان بتائیں کہ 13 ہزار ارب روپے سے کون سے منصوبے شروع کیے، ہم ایک ایک پائی کا حسان دینے کے لیے تیار ہیں۔