سعودی عرب: کووِڈ-19 کا شکار 13 مریضوں کی وفات ،1153 نئے کیسوں کی تشخیص

Saudi Arabia Corona Cases

Saudi Arabia Corona Cases

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کا شکار مزید 13 مریض وفات پاگئے ہیں اور 1153 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور 1145 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔

وزارت صحت نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ مملکت میں اب کووِڈ-19 کے کل کیسوں کی تعداد 473112 ہوگئی ہے۔ان میں سے 7663 مریض وفات پاچکے ہیں اور 454404 مریض تن درست ہو چکے ہیں۔

مکہ مکرمہ میں حالیہ ہفتوں سے جاری رجحان کے مطابق کرونا وائرس کے سب سے زیادہ 335 کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ دارالحکومت الریاض میں 266،منطقہ شرقیہ میں 148،عسیر میں 119 اور جازان میں 84 نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی ہے۔باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور قصبوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

اس وقت سعودی عرب میں کرونا وائرس کے فعال کیسوں کی تعداد 11045 ہے۔ان میں سے 1494 کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

برطانوی خبررساں ایجنسی رائیٹرز کے ڈیٹا فارم کے مطابق سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے روزانہ اوسطاً 1179 نئے کیس رپورٹ ہورہے ہیں اور روزانہ 124093 افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے۔اگر اسی رفتار سے ویکسین لگانے کا سلسلہ جاری رکھاجاتا ہے تو مملکت کی مزید 10 فی صد آبادی کو ویکسین لگانے کے لیے 56 دن درکار ہوں گے۔

سعودی وزارت تجارت نے گذشتہ ہفتے کروناوائرس کو پھیلنے سے روکنے اور اس سے بچاؤکے لیے ویکسین لگوانے کی حوصلہ افزائی کی غرض سے اگست سے ایک نئی پابندی کا اعلان کیا ہے۔اس کے تحت یکم اگست سے صرف ویکسین لگوانے والے افراد ہی کو شاپنگ مالوں میں داخلے کی اجازت ہوگی۔

وزارتِ تجارت کے ایک اعلامیے کے مطابق’’ویکسین کی کم سے کم ایک خوراک لگوانے والے افراد کاروباری مراکز میں داخل ہوسکیں گے اور جس کسی نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی،اس کے کسی تجارتی مرکز میں داخلے پر بھی پابندی ہوگی۔‘‘