کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزارت خزانہ نے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کا پروگرام معطل نہیں ہے اور ورلڈ بینک نے بھی پاکستان کا قرض نہیں روکا۔
ایک بیان میں وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کا اگست میں دورہ متوقع ہے، جس میں مشن پورے سال کی معاشی کارکردگی کا جائزہ لےگا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نےمارچ تک آئی ایم ایف پروگرام کے تمام اہداف حاصل کیے ہیں،آئی ایم ایف پروگرام کےدوران پاکستان نےبہترین معاشی کارکردگی کامظاہرہ کیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق ورلڈ بینک نےپاکستان کا قرض نہیں روکا، ورلڈ بینک نےایک روز قبل ہی پاکستان کےلیےقرض کی منظوری دی ہے۔
مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے وزیر خزانہ نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، آئی ایم ایف قرض پروگرام کی ذمہ دار ن لیگ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہےکہ حکومت عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ صارفین کو منقل نہیں کررہی، حکومت تیل کی قیمتوں میں استحکام لانےکی کوشش کررہی ہے، ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے کی توقع ہے جس سے بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے، سعودی عرب کے ساتھ ادھار پر تیل کے معاہدے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
وزارت خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ 700 ارب روپے کے ٹیکس ری فنڈز روکنے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے قرضہ دینے سے منع کردیا ہے۔