اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
ابو ظبی میں کھیلے گئے دوسرے ایلیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز اسکور کیے۔
اسلام آباد کی جانب سے حسن علی نے 16 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ کولن منرو نے بھی 44 رنز اسکور کیے۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز حضرت اللہ ززئی اور کامران اکمل نے کیا تاہم کامران اکمل پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔
پہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد حضرت اللہ ززئی اور جوناتھن ویلز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی ففٹیز مکمل کیں۔
حضرت اللہ ززئی 44 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد شعیب ملک وکٹ پر آئے اور انہوں نے جوناتھن ویلز کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
پشاور زلمی نے مقررہ ہدف 17 ویں اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، جوناتھن ویلز 55 اور شعیب ملک 32 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ حضرت اللہ ززئی کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل 6 کا فائنل میچ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔