واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایران کے دوسرکاری خبری گروپوں پریس ٹی وی اور العالم کی ویب سائٹس اور یمن کی حوثی ملیشیا کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور ان کے صفحہ اوّل پر اپنا بیان پوسٹ کر دیے ہیں۔
ان میں سے ہر ویب سائٹ پر ایک صفحہ ہی ظاہر ہورہا ہے اور اس پر یہ بیان جاری کیا گیا ہے:’’اس (ویب سائٹ) کو امریکا کی حکومت نے ضبط کر لیا ہے۔‘‘اس کے ساتھ ایران کے خلاف امریکا کی عاید کردہ پابندیوں کے قوانین کا حوالہ دیا گیا ہے اور نیچے وفاقی ادارہ تحقیقات (ایف بی آئی) اور امریکا کے محکمہ تجارت کی مہر لگی ہوئی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نشریات (آئی آر آئی بی)نے ایک بیان میں کہا ہے کہ العالم کے علاوہ بعض دوسری ویب گاہیں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔ان میں فلسطین سے متعلق نشریات اور عربی زبان میں مذہبی اور ثقافتی چینل کی ویب سائٹ بھی شامل ہے۔
آئی آرآئی بی نے اس کے ردعمل میں امریکا پراظہاررائے کی آزادی کو دبانے کا الزام عاید کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ مزاحمت نوازمیڈیا کو بلاک کرنے کے عمل میں اسرائیل اور سعودی عرب کے ساتھ شامل ہوگیا ہے۔اس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ میڈیا ذرائع خطے میں امریکی اتحادیوں کے جرائم کو بے نقاب کررہے تھے۔