بارسلونا (اصل میڈیا ڈیسک) اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی 75 سالہ جان میکافی بارسلونا کے ایک جیل میں اپنی کوٹھری میں مردہ پائے گئے۔ کاتالونیا کے محکمہ انصاف کے مطابق دستیاب شواہد ان کی خودکشی کی جانب اشارے کرتے ہیں۔
اینٹی وائرس سافٹ ویئر کے بانی اور برطانوی امریکی کاروباری جان میکافی بدھ کے روز اسپین کی جیل میں اپنی کوٹھری میں مردہ پائے گئے۔ انہیں اسپین کے شہر بارسلونا کی عدالت نے ٹیکس چوری کے الزامات کا جواب دینے کے لیے امریکا کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔
میکافی کو گزشتہ برس اکتوبر میں بارسلونا ہوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کرلیا گیا تھا جب وہ استنبول جانے کے لیے ایک طیارے پر سوار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
اس کے بعد سے ہی برطانوی نژاد کمپیوٹر پروگرامر برائنس جیل میں قید تھے۔ جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے میکافی کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی تاہم ایسا محسوس ہوتا ہے کہ خودکشی کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔
میکافی کے وکیل جیویئر ولالبا نے خبر رساں ایجنسی روئٹرزکو بتایا،”یہ ایک بے رحم نظام کا نتیجہ ہے۔ اس شخص کو اتنے طویل عرصے تک جیل میں رکھنے کا کوئی سبب نہیں تھا۔”
ایک روز قبل ہی بدھ کو ایک عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ جان میکافی کو امریکی حکام کے حوالے کردیا جانا چاہیے۔
اس ماہ کے اوائل میں ویڈیو لنک کے ذریعہ سماعت کے دوران میکافی نے کہا تھا کہ ان کے خلاف عائد الزامات سیاسی اغراض پر مبنی ہیں اور اگر انہیں امریکا کے حوالے کردیا گیا تو ان کو اپنی بقیہ پوری زندگی جیل میں کاٹنی پڑے گی۔
امریکی حکام کا الزام ہے کہ 75 سالہ کاروباری نے مشاورتی خدمات، تقریروں اور کرپٹو کرنسی کے ذریعہ اربوں روپے کمائے لیکن سن 2014 سے سن 2018 تک چار برس کی آمدنی پر ٹیکس ادا نہیں کیے۔
1980کی دہائی میں اینٹی وائرس ایجاد کرکے کروڑوں ڈالر کمانے والے میکافی کا نام اب بھی اس سافٹ ویئر پر موجود ہے۔ انہوں نے بعد میں خود کو بٹ کوائن گروہ اعلان کردیا تھا۔
اگر امریکا میں ان کے خلاف عائد الزامات درست ثابت ہوجاتے تو انہیں تیس برس تک جیل میں کاٹنی پڑسکتی تھی۔
امریکا میں مالیاتی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے ادارے سکیوریٹیز اینڈ ایکسچنج کمیشن نے میکافی کے خلاف فوجداری مقدمات بھی دائر کیے تھے۔ گزشتہ اکتوبر میں دائر ایک مقدمے میں کمیشن نے ان پر 23 ملین ڈالر سے زیادہ آمدنی کو چھپانے کا الزام عائد کیا تھا۔
میکافی نے تاہم ان الزامات کی ہمیشہ تردید کی۔ اس ماہ کے اوائل میں انہوں نے اپنی بے گناہی کا اعلان کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا بھی لیا تھا۔
ایک ماہ قبل ہی میکافی کو وسطی امریکی شہر بیلیزکی ایک عدالت نے قتل کے الزامات سے بری کیا تھا۔
میکافی کی ذاتی زندگی پچھتر سالہ میکافی نے سن 2018میں دعوی کیا تھا کہ وہ 47 بچوں کے باپ ہیں۔ انہوں نے جینیس سے آٹھ برس قبل شادی کی تھی۔ اس بیوی سے ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ ٹیکنالوجی کے ماہر میکافی برطانیہ کے شہر گلوسسٹر شائر میں پیدا ہوئے تھے۔
میکافی اور جینیس کی ملاقا ت میامی کے ساحل پر ہوئی تھی۔ اس وقت جینیس ایک سیکس ورکر کے طورپر کام کرتی تھیں۔
صرف ایک ماہ قبل ہی میکافی کو وسطی امریکی شہر بیلیزکی ایک عدالت نے قتل کے الزامات سے بری کیا تھا۔ بیلیز کے حکام نے انہیں اپنے ایک پڑوسی گریگوری فاول کے سن 2012 میں قتل کے واقعے میں ماخوذ کرنے کی کوشش کی تھی البتہ ان کے خلاف کوئی باضابطہ فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔ میکافی کا اس حوالے سے اصرار تھا کہ وہ بے گناہ ہیں اور انہیں سسٹم کا شکار بنایا گیا ہے۔
میکافی نے امریکی سیاست میں داخل ہونے کی ناکام کوششیں بھی کی تھیں۔ انہوں نے سن 2016 اور سن 2020 میں صدارتی انتخابات کے لیے لبرٹیرین پارٹی کی طرف سے امیدوار نامزد کیے جانے کی کوششیں کیں لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔