سبی (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشتگردوں کے حملے میں ایف سی کے پانچ جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سبی کے ضلع سنگن میں دہشتگردوں نے فرنٹیئر کور کی پیٹرولنگ پارٹی پر حملہ کیا جس کے بعد دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 5 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں حولدار ظفر علی خان، لانس نائیک ہدایت اللہ، لانس نائیک عباس، لانس نائیک بشیر احمد اور سپاہی نور اللہ شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید ظفر علی خان، شہید ہدایت اللہ اور شہید نور اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے جب کہ شہید ناصر عباس کا تعلق بھکر اور شہید بشیر احمد کا تعلق نصیر آباد سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچا جب کہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ چند عناصر دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد سے بزدلانہ کارروائیاں کررہے ہیں، بلوچستان کا امن ایسے عناصر کے ہاتھوں سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے، سکیورٹی فورسز جان کی قربانی دے کر دشمنوں کے عزائم ناکام بنائیں گے۔