یمن (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی سمت آنے والے ایک ڈرون طیارے کو فضا میں تباہ کر دیا گیا۔ اتحاد کے بیان کے مطابق سعودی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے بھیجا جانے والا ڈرون طیارہ آج جمعے کو علی الصبح مار گرایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ان کوششوں کو جاری رکھنے کا مقصد دانستہ طور پر شہریوں کو نشانہ بنانا ہے۔
واضح رہے کہ اتحادی افواج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیر جنرل ترکی المالکی نے چند روز قبل العربیہ سے بات کرتے ہوئے باور کرایا تھا کہ حوثی ملیشیا فرضی کامیابیوں کے من گھڑت قصے پھیلا رہی ہے۔ المالکی کے مطابق اس پروپیگنڈے کا مقصد اپنے جنگجوؤں کا مورال بلند کرنا اور عوامی غصے کو ٹھنڈا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا میں ان جھوٹی کہانیوں کا مقصد زمینی حقائق کو چھپانا ہے جن کے مطابق حوثی ملیشیا کو مارب اور الجوف کے صوبوں میں بھاری جانی اور مادی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔