لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) یونس خان نے حسن علی کے ساتھ تکرار کی تصدیق کردی جب کہ سابق کپتان کا کہنا ہے کہ ٹرینر یاسر شاہ نے مجھے پیسر کو ’’آئس ٹب‘‘ کے استعمال پر قائل کرنے کیلیے کہا تھا۔
قومی کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ شروع ہونے سے قبل ہی یونس خان نے بیٹنگ کوچ کا عہدہ چھوڑ دیا تھا جب کہ ہفتے کے روز ’’ایکسپریس‘‘ کی خبر میں انکشاف ہوا تھا کہ سابق کپتان نے ڈینٹسٹ سے علاج کروانے کے بعد تاخیر سے بائیو ببل جوائن کرنے کا کہا جس کی اجازت نہ ملنے پر معاملہ بگڑ گیا،انھیں انگلینڈ کے بجائے بعد ازاں ویسٹ انڈیز روانہ ہونے کاکہا گیا مگر انھوں نے سرے سے انکار ہی کردیا۔
اتوار کی اشاعت میں یہ حقیقت بھی سامنے لائی گئی کہ دورہ جنوبی افریقہ میں دائرہ اختیار سے ہٹ کر ’’آئس ٹب‘‘ استعمال کرنے پر اصرار کرنے پر یونس خان کی حسن علی سے تلخ کلامی بھی ہوئی اور کئی معاملات میں کھچڑی پہلے سے پک رہی تھی۔
گزشتہ روز ایک انٹرویو میں یونس خان کے بیان سے اس واقعے کی تصدیق بھی ہوگئی، سابق کپتان نے کہاکہ ’’آئس ٹب‘‘ لینے کے معاملے پر ٹرینر یاسر ملک نے مجھے کہا تھا کہ آپ حسن علی کو میری بات ماننے کیلیے قائل کریں، پیسر نے مجھ سے معافی بھی مانگی اور میں اسے گلے لگا چکا ہوں، میرے بیٹنگ کوچ کا عہدہ چھوڑنے کی یہ وجہ نہیں تھی، میری جانب سے استعفے پر خاموشی، بورڈ اور پاکستان کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں تھی، میں نے کبھی عہدے اور نوکری کیلیے پی سی بی کی طرف نہیں دیکھا، مجھے بورڈ نے عہدے کی پیشکش کی تھی۔