کراچی: بھابھی کے قتل میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

Police

Police

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) پاپوش نگر کی بنگش کالونی میں بھابھی کے قتل میں مطلوب ملزم نے اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنالیا تاہم پولیس کے ساتھ مقابلے کے دوران ملزم مارا گیا۔

پولیس کے مطابق اطلاع ملی کہ کچھ روز قبل گھر میں فائرنگ کرکے اپنی بھابھی کو قتل کرنے والا ملزم عارف بنگش کالونی میں واپس آگیا ہے اور ملزم نے اپنے اہل خانہ کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنایا ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق جب نفری ملزم کو پکڑنے کے لیے گئی تو اس نے فائرنگ کردی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جس کے بعد بھاری نفری طلب کرکے گلی کو سیل کردیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ اس دوران پولیس اور ملزم کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ملزم عارف مارا گیا، پولیس کو جائے وقوعہ سے گولیوں کے متعدد خول ملے ہیں۔