کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے اعلان کیا ہےکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں کاغذات رکھنے والے جن افراد کے گھر گرائے گئے انہیں زمین دیں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگر اسلام آباد کے امرا کی عمارتیں نہیں گرائی جاتیں تو کراچی کے غریب عوام کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ان لوگوں کو زمین دے گی جن کی عمارتیں کاغذات ہونے کے باوجود گرائی جارہی ہیں، ایک آزاد کمیشن اس حوالے سے فیصلے کرے گا، اس سلسلے میں ہمیں وفاقی حکومت سے کوئی امید نہیں ہے۔
واضح رہےکہ گجرنالہ اور اورنگی نالہ پر تجاوزات کے دوران آپریشن میں لیز گھر گرائے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے جب کہ سپریم کورٹ میں شاہراہ فیصل پر واقع نسلہ ٹاور کو بھی مسمار کرنے کے احکامات دیے ہیں۔