کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اسٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی پیش رفت پر اعدادوشمار کا اجرا شروع کردیا ہے جس کے مطابق جون 2021 میں میں ریکارڈ رقم کی آمد ہوئی ہے۔
بینک دولت پاکستان نے اپنے اہم پالیسی اقدامات میں شفافیت لانے کے عزم کے مطابق آج سے روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) کی پیش رفت کے بارے میں باقاعدگی سے اعدادوشمار جاری کرنے شروع کردیے ہیں۔ آر ڈی اے میں شامل بینکوں کی انفرادی رپورٹوں پر مبنی اعدادوشمار یکجا کرکے ایک نئے ویب پیج پر عوام کو مہیا کردیے گئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 10 ستمبر 2020ء کو وزیر اعظم پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کیا تھا۔ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اس اسکیم میں کافی دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آج جاری کردہ نئے ویب پیج کے مطابق جون 2021ء تک دنیا بھر میں 171 ممالک سے 181556 اکاؤنٹس کھولے گئے، اور 1 اعشاریہ 562ارب ڈالر ان اکاؤنٹس میں جمع کرائے گئے۔ ویب سائٹ پر آن لائن کھولے گئے اکاؤنٹس کی تعداد، ڈ یپازٹس اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (این پی سیز) اور اسٹاک مارکیٹ کا ماہانہ رجحان دکھایا گیا ہے۔ اعدادوشمار سے پچھلے چند ماہ کے دوران ان تمام پہلوؤں میں تیزی کا رجحان نظر آتا ہے۔
جون 2021ء میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے آغاز سے اب تک ڈیپازٹس کی بلند ترین رقم (310 ملین ڈالر) اوراین پی سی کی بلند ترین ماہانہ سرمایہ کاریاں (233 ملین ڈالر) آئیں۔ جون 2021ء تک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 1050 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جس میں 621 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری روایتی این پی سیز اور 429 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری اسلامک این پی سیز میں کی گئی۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک کا ایک تاریخی اقدام ہے جو بہت سہل انداز میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی مالی نظام اور معیشت سے جوڑتا ہے۔ پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹلی اپنے ملک میں بینک اکاؤنٹ کھولنے کا موقع ملا ہے جس کے لیے کسی بینک برانچ یا سفارت خانے جانے کی ضرورت نہیں۔
اس اکاؤنٹ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان میں ہر قسم کی بینکاری کرسکتے ہیں جن میں اپنے خاندان کے اسکول اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی، فنڈ ٹرانسفر، ای کامرس، ’روشن اپنی کار‘ کے ذریعے کار فنانسنگ اور ’روشن سماجی خدمت‘ کے ذریعے فلاحی عطیات دینا شامل ہیں۔
ساتھ ہی یہ اکاؤنٹ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں منفرد سرمایہ کاری مواقع فراہم کرتا ہے جس میں روایتی اور شریعت سے ہم آہنگ دونوں شکلوں میں پرکشش منافع دیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ آر ڈی اے پاکستانی اسٹاک مارکیٹ اور رئیل اسٹیٹ میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
ٹیکس کے امور آسان ہیں، جس میں بیرون ملک مقیم پاکستانی اس اکاؤنٹ کے ذریعے کی گئی سرمایہ کاری سے ہونے والی آمدنی پر پاکستان میں ٹیکس گوشوارے داخل کرنے کی شرط سے مستثنیٰ ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ اکاؤنٹ مکمل طور پر قابل واپسی (repatriable) ہے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہ سہولت میسر ہے کہ وہ کسی دشواری کے بغیر اپنے اکاؤنٹ میں موجود رقم واپس اُس ملک میں لے جاسکتے ہیں جہاں وہ مقیم ہیں۔