صعدہ (اصل میڈیا ڈیسک) یمن کی سرکاری نیوز ایجنسی نے بتایا ہے کہ کل ہفتے کے روز یمن کی آئینی فوج نے صعدہ گورنری کے اطراف میں حوثی ملیشیا کی طرف سے کیا گیا حملہ پسپا کر دیا ہے۔ آئینی فوج نے اس گورنری میں حوثیوں کی کمک پر حملہ کر کے اسے بھاری جانی نقصان سے بھی دوچار کیا ہے۔
یمنی فوج کے بریگیڈ تین کے سربراہ محمد العجابی نے بتیایا کہ بریگیڈ نے حوثی ملیشیا کی طرف سے پہاڑی سلسلے جبال الکلح میں یمنی فوج پر حملے کی سازش ناکام بناتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا۔
العجابی نے مزید کہا کہ جوابی کارروائی میں حوثی ملیشیا کے متعدد جنگجو ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ یمنی فوج نے صعدہ گورنری میں اگلے محاذ پر مدد کے لیے آنے والی کمک کو بھی نشانہ بنایا۔
ادھر یمنی فوج نے ایک دوسری پیش رفت میں جنوبی الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کا ایک بغیر پائلٹ بمبار ڈرون تباہ کر دیا۔
یمنی فوج کے العمالقہ بریگی کے ایک ذریعے نے بتایا کہ جوائنٹ فورسز نے بیت القفیہ ڈاریکٹوریٹ کے علاقے الجاح کی فضا میں ایک مشوک ڈرون دیکھا جسے فوری کارروائی کر کے مار گرایا گیا۔