لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ بڑے دورے سے پہلے یونس خان کا جانا افسوس ناک ہے ، وہ بیٹسمینوں کے ساتھ اچھا کام کررہے تھے، یونس نے بورڈ سے تعلقات کے بارے میں پہلے ہی بتا دیا تھا۔
وقار یونس نے ورچوئل پریس کانفرنس میں فاسٹ بولر محمد عامر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عامر کے حوالے سے بہت باتیں ہوگئیں جب وہ کھیلنا ہی نہیں چاہتے تو کیا کرسکتے ہیں، عامر پر واضح کیا کہ یہ پاکستان کی کرکٹ ہے فرنچائز کرکٹ نہیں۔
دیگر کھلاڑیوں سے متعلق وقار یونس کا کہنا تھا کہ کا حارث سہیل کے ساتھ بدقسمتی رہی ہے، وہ مکمل فٹ آئے تھے اُمید ہے بہتر ہوجائیں گے، حارث فِٹ اور فارم میں ہوتے ہیں اسی وجہ سے سلیکٹ بھی ہوجاتے ہیں جبکہ شاہنواز دہانی بہت اچھی پرفارمنس دے رہا ہے وہ ٹیسٹ ٹیم میں ہے اور ہمارے مستقبل کے پلان کا حصہ ہے۔
فاسٹ بولرز کی تعریف کرتے ہو ئے وقار کا کہنا تھا کہ پچھلی دو تین سیریز میں پاکستانی بولرز نے اچھی پرفارمنس دی ہے، آئی سی سی رینکنگ کے ٹاپ ٹین میں کوئی پاکستانی بولر نہیں تو یہ کوئی بری بات نہیں وہ قومی بولنگ اٹیک سے مطمئن ہیں۔
وقار یونس نے کہا کہ بارش کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف سیریز کی آئیڈیل تیاری نہیں ہوئی، میں کوئی عذر پیش نہیں کر رہا لیکن تیاری متاثر ضرور ہوئی ہے۔
واضح رہے قو می ٹیم اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے جہاں اُسے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے۔