جکارتہ (اصل میڈیا ڈیسک) انڈونیشیا میں کورونا کی بھارتی قسم ( ڈیلٹا ویرئینٹ) کی تباہ کاریا ں جاری ہیں، انڈونیشیا کے اسپتال میں آکسیجن کی قلت سے 63 مریض ہلاک ہوگئے۔
سی این این کے مطابق دنیا کی چوتھی بڑی آبادی رکھنے والا ملک انڈونیشیا کورونا وبا کی ہلاکت خیزی کا سامنا کر رہا ہے۔ کورونا کی نئی لہر نے ملک بھر کے اسپتالوں میں بستروں اور آکسیجن کی قلت پیدا کردی ہے اور آکسیجن ختم ہونے کی وجہ سے جاوا کے سارڈ جیتواسپتال میں گزشتہ دودنوں میں 63 مریض ہلاک ہو چکے ہیں۔
حکومت نے آکسیجن کی قلت ختم کرنے کے لیے گیس انڈسٹری کو طبی آکسیجن کی پیداوار بڑھانے کا کہہ دیا ہے۔ انڈونیشیا کے محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی وجہ سے ملک بھر میں آکسیجن کی فی دن طلب بڑھ کر 800 میٹرک ٹن تک پہنچ چکی ہے۔
انڈونیشیا میں گزشتہ دو دنوں میں کورونا کے 27 ہزار 913 مثبت کیسز ریکارڈ ہوئے، جب کہ بالی اور جاوا کے جزائر سمیت دارلحکومت جکارتہ میں ڈیلٹا ویریئنٹ کی روک تھام کے لیے مکمل طور پر ہنگامی لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔