برمنگھم: ہر انسان کے سونے کا طریقہ مختلف ہوتا ہے، لیکن اگر آپ الٹی کروٹ پر سوتے ہیں تو پھر یقیناً آپ بہت سے طبی مسائل سے دور ہوں گے۔
ماہرین صحت کے مطابق الٹی کروٹ پر سونے کے طبی فوائد درج ذیل ہیں۔
خراٹوں میں کمی نیند میں خراٹے لینے کی عادت آپ کے ہمراہ سونے والے فرد کے لیے بہت پریشان کن ہوتی ہے۔ آپ سکون سے خراٹوں کے ساتھ خواب خرگوش کے مزے لیتے ہیں، لیکن دوسرا بندہ ساری رات تکیے میں سر دبا کر جاگتا رہتا ہے۔
خاص طور پراگر آپ کمر کے بل سوتے ہیں تو آپ کے خراٹوں کی آواز زیادہ بلند ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سوتے وقت آپ کی زبان ، منہ اور جبڑا مکمل طور پر پرسکون ہوجاتا ہے۔ اگر آپ اپنی خراٹیں لینے کی عادت سے تنگ ہیں تو آج سے الٹی کروٹ پر سونا شروع کردیں۔
معدے کی تیزابیت کم کریں
کیا آپ نے بستر پر جانے سے پہلے بہت زیادہ کھا لیا ہے؟ اگر ایسا ہے تو پھر ساری رات معدے کی تیزابیت آپ کو بے چین رکھے گی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے کا حل الٹی کروٹ سونے میں پوشیدہ ہے، کیوں کہ اس طرح سونے سے معدے کی تیزابیت میں کمی واقع ہوتی ہے۔
دل کی مدد کیجیے
الٹی کروٹ سو کر آپ اپنے دل کی سخت محنت میں تھوڑی سی کمی کر سکتے ہیں۔ اس طرح سونے سے آپ کے دل کو پورے جسم میں خون کی گردش جاری رکھنے میں آسانی ہوجاتی ہے۔
حاملہ خواتین کے لیے بہترین
حاملہ خواتین کے لیے الٹی کروٹ پر سونا مفید ہوتا ہے ، عموماً ڈاکٹر بھی انہیں الٹی کروٹ سونے کی تجویز دیتے ہیں۔ کیوں کہ اس طرح سونے سے حاملہ خواتین کا رحم ان کے جگر کے مخالف دبتا ہے۔
لمف نوڈز میں مدد
الٹی کروٹ سونے سے لمف نوڈز(لمفی نظام کا وہ حصہ جو اینٹی باڈیز پیدا کرتا ہے) کو فائدہ پہنچتا ہے۔ اس سے آپ کے جسم میں موجود مائع پورے جسم میں زیادہ تیزی سے فلٹر ہوتا ہے جب کہ سیدھی کروٹ سونے سے آپ کے لمف نوڈز کے کام کرنے کی رفتارزیادہ سست ہوتی ہے۔
نوٹ: اس مضمون میں معلومات صرف مفاد عامہ کےتحت شائع کی گئی ہیں۔ کسی بھی طبی مشاورت کے لیے ہمیشہ اپنے معالج سے رجوع کیجیے۔