انسٹاگرام نے ٹک ٹاک طرز کی ویڈیو کی آزمائش شروع کر دی

 Instagram

Instagram

سان فرانسسكو: فیس بک نے اپنے ایک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ٹک ٹاک جیسی ویڈیو شیئر کرنے کے تجربات کئے ہیں۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہتا ہے تو تصاویر شیئر کرنے والا انسٹاگرام پلیٹ فارم عین ٹک ٹاک جیسا روپ اختیار کرسکتا ہے۔

اس بات کا اعلان ایڈم موسیری نے کیا جو انسٹاگرام کے ہیڈ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسٹا گرام پر لوگوں یا ادارے کی تجویز کردہ فل اسکرین ویڈیو دیکھی جاسکیں گی۔ یہ ویڈیوز یوزر فیڈ میں ظاہر ہوں گی۔ ’ہم تجرباتی طور پر یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں جس میں ویڈیو کو فل اسکرین پر تفریحی انداز سے دیکھا جاسکتا ہے۔ لیکن اگلے چند ماہ میں انسٹاگرام پر بہت سے انقلابی تبدیلیاں بھی سامنے آئیں گی،‘ ایڈم موسیری نے کہا۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ فیس بک ٹک ٹاک کی غیرمعمولی مقبولیت کو سمجھتا ہے۔ دنیا کی پانچ مقبول ترین ایپ میں سے ٹک ٹاک اب بھی پہلے ڈاؤن ہونے والی پہلی ایپ ہے اور یہی وہ ایپ ہے جو فیس بک کی ملکیت نہیں۔ اسی بنا پر فیس بک انسٹاگرام میں ٹک ٹاک جیسے فیچر پیش کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ صرف مئی میں ہے ٹک ٹاک ایپ 8 کروڑ مرتبہ انسٹال ہوئی ہے۔ جبکہ اسی ماہ میں پانچ کروڑ 30 لاکھ افراد نے فیس بک انسٹال کیا۔

ٹک ٹاک کی طرح انسٹاگرام پربھی عین اسی طرح ویڈیوز ظاہر ہوں گی جسے وہ فالو نہیں کرتے۔ اگرچہ اس کا ریل فیچر ٹک ٹاک سے ملتا جلتا ہے لیکن انسٹاگرام نے یوٹیوب اور ٹک ٹاک کو اپنا حریف قرار دیا ہے کیونکہ انسٹاگرام میں ویڈیو آپشن کی کمی تھی۔

پھرانسٹاگرام نے یہ بھی کہا کہ اس طرح سنجیدہ مقابلہ جنم لے گا ۔ دوسری جانب خود مارک زکربرگ بھی بار بار کہہ چکے ہیں کہ وہ اپنے تمام پلیٹ فارمز کو ویڈیو پلیٹ فارم میں بطورِ خاص تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔