لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کے نامور شاعر اور ادیب احمد ندیم قاسمی کو مداحوں سے بچھڑے 15 برس بیت گئے۔
احمد ندیم قاسمی مغربی پنجاب کی وادی سون سکیسر کے گاؤں انگہ ضلع خوشاب میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام احمد شاہ اور ندیم تخلص تھا۔ قاسمی صاحب نے شاعری کی ابتدا 1931ء میں کی جب مولانا محمد علی جوہر کے انتقال پر ان کی پہلی نظم روزنامہ ’سیاست‘ لاہور کے سرورق پر شائع ہوئی اور یہ ان کے لیے بہت بڑا اعزاز تھا۔ اس سے انھیں عالم جوانی میں ہی غیر معمولی شہرت حاصل ہوئی۔
احمد ندیم قاسمی نے اپنی 90 سالہ زندگی میں افسانہ نگاری، صحافت اور شاعری کے ذریعے قلم کا علم بلند کیے رکھا۔ انہوں نے اپنی تحریروں میں ادب برائے ادب کی بجائے مقصدیت کو فروغ دیا، منفرد شاعری اور ادبی خصوصیات کے باعث احمد ندیم قاسمی نے اردو ادب پر گہرے نقوش چھوڑے۔