کوئٹہ (اصل میڈیا ڈیسک) بلوچستان حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر 31 جولائی تک نئی پابندیاں عائد کر دیں جس کے تحت بازار اور کاروباری مراکز رات 10 بجے بند ہوجائیں گے جب کہ جمعہ کے روز لاک ڈاؤن ہو گا۔
صوبائی محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق این سی او سی کی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو مد نظر رکھتے ہوئے 31 جولائی تک نئی پابندیوں کا اطلاق عمل میں لایا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کاروباری مراکز رات 10بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، ریسٹورینٹ میں 50 فیصد گنجائش کے ساتھ رات 12 تک اجازت ہوگی جب کہ صرف انہی لوگوں کو ریسٹورینٹس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی جنہوں نے انسداد کورونا وائرس ویکسین لگوائی ہو۔
اس کے علاوہ ریسٹورینٹس اور ہوٹل انتظامیہ اپنے ملازمین کو ویکسین لگوانے کا طریقہ کار اپنائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہالوں میں 400 مہمانوں کے ساتھ آوٹ ڈور شادیوں کی اجازت ہوگی، سنیما گھر رات ایک بجے تک کھلے رہیں گے اور انہی لوگوں کو جانے دیا جائےگا جو ویکسین لگوا چکے ہوں۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ ثقافتی، مذہبی، موسیقی کے پروگرام منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، تفریحی مقامات ، پارک 50فیصد گنجائش کے ساتھ کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ 70 فیصد مسافروں کے ساتھ چلائی جائےگی جب کہ صوبے میں جمعہ کو مکمل لاک ڈاؤن ہو گا۔