ہیٹی: جوزیف لیمبرٹ کو ملک کا نیا صدر نامزد کر دیا گیا

Joseph Lambert

Joseph Lambert

ہیٹی (اصل میڈیا ڈیسک) ہیٹی نے صدر کے قتل کے بعد ملک کے اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے بیرونی ممالک سے افواج بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ اس دوران سینیٹ نے جوزیف لیمبرٹ کو نئے صدر کے لیے نامزد کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

ہیٹی کی حکومت نے ملک کے صدر جوینیل موئز کے قتل کے بعد ملکی املاک کی حفاظت کے لیے امریکا اور اقوام متحدہ سے بیرونی فورسز کے بھیجنے کی درخواست کی ہے۔ تاہم اطلاعات کے مطابق امریکا نے اس موقع پر کسی عسکری امداد کی پیشکش سے انکار کیا ہے۔

ہیٹی کی پولیس کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز 28 غیر ملکی فوجیوں کے ایک گروپ نے صدر جوینیل موئز کو ہلاک کر دیا تھا۔ دارالحکومت پورٹ آؤ پرنس میں پولیس کے ساتھ مختصر مسلح تصادم کے بعد ان میں سے 17 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا گيا ہے۔

پولیس کے مطابق اس میں سے بعض افراد کولمبیا کی فوج کے سبکدوش فوجی ہیں۔ پولیس کے مطابق تین مشتبہ افراد تصادم میں ہلاک ہوئے جبکہ آٹھ اب بھی فرار ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

امریکا کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فوجیوں کو ہیٹی نہیں بھیجے گا تاہم وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی اور ہوم لینڈ سکیورٹی کے اہلکار تفتیش میں مدد کے لیے بھیجے جائیں گے۔ اقوام متحدہ کو بین الاقوامی فورسز تعینات کرنے کے کسی بھی منصوبے پر عمل کے لیے پہلے یو این سکیورٹی کونسل سے منظوری لینا ضروری ہو گی۔

کیریبیئن کے خطے کا ملک ہیٹی ایک غریب ملک ہے اور صدر کے قتل کی وجہ سے عوام میں بے چینی کا ماحول ہے۔ قتل کے بعد سے ہی ملک میں ہنگامی حالات نافذ ہیں اور ابھی تک یہ پوری طرح سے واضح نہیں ہے کہ ملک کی حکومت کی باگ ڈور اصل میں کس کے ہاتھوں میں ہے۔

سینیٹرز کے ایک گروپ نے نو جولائی جمعے کے روز سینیٹر جوزیف لیمبرٹ کو عبوری طور پر عہدہ صدارت کے لیے نامزد کر دیا۔ اقوام متحدہ کی نظر میں صدر کے قتل کے بعد جب تک نئے انتخابات نہیں ہو جاتے اس وقت ملک کے موجودہ وزیر اعظم کلاڈ جوزیف صحیح معنوں میں ہیٹی کے رہنما ہیں، تاہم سینیٹ نے انہیں نظر انداز کر دیا ہے۔

تاہم کلاڈ جوزیف کا کہنا تھا، ”میں حصول اقتدار کی کشمکش میں نہیں پڑنا چاہتا۔ ہیٹی میں صدر بننے کا ایک ہی راستہ ہے اور وہ ہے انتخاب کے ذریعے۔‘‘ اطلاعات کے مطابق سینیٹرز کے اس اقدام سے ملک مزید سیاسی بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔

ملکی آئین کے مطابق صدر کی اچانک موت کی صورت میں سپریم کورٹ کا چیف جسٹس عہدہ صدارت سنبھال سکتا ہے۔ تاہم حال ہی میں چیف جسٹس کی کووڈ 19 میں مبتلا ہونے کی وجہ سے موت ہو گئی تھی۔

کولمبیا کے پولیس ڈائریکٹر نے بھی جمعے کے روز یہ بات کہی تھی کہ ہیٹی کے صدر کے قتل میں کولمبیا کی فوج کے کم سے کم 17 سبکدوش فوجی شامل ہو سکتے ہیں۔ کولمبیا کی حکومت نے اس قتل کی تفتیش میں ہیٹی کی کوششوں میں مدد کا بھی وعدہ کیا ہے۔

لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ آخر قتل کا انتظام کس نے کیا اور اس کے پیچھے کی محرکات کیا ہو سکتی ہیں۔

صدر جوینیل موائز نے فروری 2017 میں عہدہ صدارت سنبھالا تھا۔ حالیہ برسوں میں گیس کی قیمتوں، معاشی مسائل اور کورونا وائرس سے نمٹنے جیسے مسائل میں ناکامیوں کے سبب ان کی مقبولیت میں کمی آگئی تھی اور ان کے استعفے کا بھی مطالبہ ہوتا رہا تھا۔