ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے ولی محمد بن سلمان نے اپنے سماجی اور معاشی پروگرام سند کے تحت شادی کے خواہش مند جوڑوں کے لیے 37 لاکھ 40 ہزار ریال بطور ’’شادی گرانٹ‘‘ مختص کرنے کا حکم دیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق ملک بھر میں ولی عہد کے کم آمدنی والے طبقے کے لیے سماجی، تعلیمی اور معاشی پروگرام ’’سند محمد بن سلمان‘‘ کے تحت مالی امداد اور پروجیکٹس کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔
رواں برس ولی عہد کی خصوصی ہدایت پر اپنا گھر بسانے کے خواہش مند ایسے جوڑوں کے لیے خطیر رقم رکھی گئی ہے جو اخراجات برداشت نہیں کرسکتے یا کورونا وبا کے باعث مالی مشکلات کا شکار ہیں۔
سند پروگرام کے تحت محمد بن سلمان نے ایسے 200 جوڑوں کے لیے 37 لاکھ 40 ہزار ریال کی رقم مختص کی ہے جو پاکستانی روپوں میں 60 کروڑ سے زائد بنتی ہے۔ اس رقم سے جوڑوں کی شادی کے اخراجات پورے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ’’سند محمد بن سلمان‘‘ پروگرام کا آغاز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر 2018 میں کیا گیا تھا جس کا مقصد کم آمدنی والے طبقے کے تعلیمی اور شادی کے اخراجات میں مدد دینا تھی۔