غزہ شہر: مصروف کاروباری علاقے میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، 10 زخمی

Gaza Blast

Gaza Blast

غزہ (اصل میڈیا ڈیسک) غزہ شہر کے مصروف کاروباری علاقے میں واقع ایک مکان میں جمعرات کو دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔

عید کے تیسرے روز ہونے والے اس دھماکے سے الزاویہ میں واقع مکان کا بیشتر منہدم ہوگیا ہے اور اس سے ملحقہ متعدد عمارتوں اور دکانوں کو نقصان پہنچاہے۔فوری طور پر اس دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔

غزہ شہر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہری دفاع کی ٹیموں اور پولیس نے دھماکے کے نتیجے میں مکانوں اور دکانوں کولگنے والی آگ پر قابو پالیا ہے۔پولیس دھماکے کی وجوہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، اس نے اس کو غزہ کا داخلی معاملہ قرار دیا ہے۔

غزہ شہر پہلے ہی مئی میں اسرائیل کی مسلط کردہ گیارہ روزہ جنگ کے نتیجے میں تباہ حال ہے اور ابھی تک شہر میں بحالی اورتباہ شدہ عمارتوں کی ازسرنو تعمیر کا کام شروع نہیں ہوسکا ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی فضائی اور زمینی بمباری سے کم سے کم 260 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔ان میں 67 بچے اور 39 خواتین شامل تھیں۔غزہ کی حکمراں حماس نے اس جنگ میں اپنے 80 مزاحمت کاروں کے مارے جانے کی تصدیق کی تھی۔غزہ سے اسرائیل کی جانب گولہ باری سےایک فوجی اور دو بچوں سمیت بارہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اسی ماہ کے اوائل میں عالمی بنک نے اپنا یہ تخمینہ ظاہرکیا تھا کہ غزہ میں تعمیرنوپرساڑھے 48 کروڑ ڈالرلاگت آئے گی۔ان میں 38 کروڑ ڈالر صرف تعمیراتی کام کی مد میں صرف ہوں گے۔