چین (اصل میڈیا ڈیسک) چین کے وسطی علاقوں میں میں جاری شدید بارشوں کا سلسلہ شمالی حصے کی جانب منتقل ہو گیا ہے، جس کے تناظر میں لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر ديا گیا ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے سے جاری تباہ کن بارشوں کے نتیجے میں اب تک 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ لاکھوں ڈالر کا نقصان بھی ہوا ہے۔
ہینان صوبے کے محکمہ موسمیات نے بتایا کہ برساتی طوفان کا رخ اب صوبے کے شمال کی جانب ہے۔
ہینان صوبے میں بیراج اور دیگر آبی ذخائر خطرے کی حد تک بھر چکے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
بارشوں کے باعث کئی مکانات اور عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے صوبائی دارالحکومت ژینگ ژو میں 12 افراد اس وقت ہلاک ہو گئے تھے، جب سیلابی پانی ایک ٹرین میں داخل ہو گیا تھا۔