افغان فوجیوں کو پاکستان میں پناہ اور محفوظ راستہ دیا گیا: آئی ایس پی آر

 ISPR

ISPR

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق افغان فوج کے 5 افسروں سمیت 46 اہلکاروں کو پاکستان میں پناہ اور محفوظ راستہ دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ یہ افغان فوجی چترال میں ارندو سیکٹر میں رات گئے پہنچے تھے، افغان نیشنل آرمی کے مقامی کمانڈر نے ارندو سیکٹر چترال میں پاک فوج سے پناہ کی درخواست کی تھی، افغانستان سے پناہ کی درخواست کرنے والوں میں بارڈر پولیس کے اہلکار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے افغان حکام سے معلومات اور دیگر ضروری اقدامات کیلئے رابطہ کیا، افغان فوجیوں کو کھانا، پناہ اور طبی امداد دی گئی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ افغان فوجیوں کو ضروری طریقہ کار کے بعد افغان حکومت کے حوالے کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل یکم جولائی کو بھی 35 افغان فوجیوں نے محفوظ راستے کی درخواست کی تھی۔